اسلام آباد،11 اپریل (اےپی پی ): وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے تحت کرونا لاک ڈاؤن سے متاثرہ متوسط، دیہاڑی دار اور غریب طبقے کے مستحق خاندانوں کی امداد کیلئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت گزشتہ ساٹھ گھنٹوں کے دوران 13.18 بلین روپے، 1.098 ملین مستحق خاندانوں کو دئیے جا چکے ہیں جبکہ پچھلے 60 گھنٹوں کے دوران کرپشن میں ملوث 40 افراد کے خلاف کاروائی بھی  کی جا چکی ہے ۔

اس کے علاوہ صارفین کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے  34   ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور بد عنوان ڈیوائس آپریٹرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو کہ احساس ایمرجنسی کیش کی ادائیگی کے دوران 500 سے 1000 روپے تک کی ناجائز کٹوتی کر رہے تھے۔

  بدعنوان عناصر کے خلاف ان کارروائیوں کا مقصد پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنانا اور ایسے عوامل کی حوصلہ شکنی ہے جو اس ضرورت اور پریشانی کی گھڑی میں غریب اور مجبور افراد کا استحصال کر رہے ہیں۔

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا آغاز 9 اپریل سے کیا گیا تھا جس سے مجموعی طور پرملک بھر میں ایک کروڑ بیس لاکھ خاندان مستفید ہونگےجبکہ اس پروگرام کےسلسلے میں ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگی کے 17,000 مراکزقائم کیے جائیں گے جن میں سے  اب تک 7,317  بائیومیٹرک ادائیگی مراکز نے باقاعدہ کام کا آغاز  بھی کر دیا ہے ۔ حکومت اس مشکل وقت میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے موئثر اقدامات کر رہی ہے، ان مراکز پر ادائیگیوں کے دوران کرونا حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے، صوبائی حکومتوں کیساتھ مل کر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے محدود رہیں اور محفوظ رہیں۔

اے پی پی/سعیدہ/قرۃالعین