اسلام آباد،13 اپریل  (اے پی پی):احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 9 اپریل سے لے کر 13 اپریل تک ملک بھر کے 2.095ملین خاندانوں میں 25.68ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ نقد رقم وصول کرنے والوں کے ہجوم سے بچنے کیلئے رقم تقسیم کے مراکز اور کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

پروگرام کے پہلے مرحلے میں 4.5ملین کفالت مستحقین کو رواں ہفتے ایمرجنسی کیش کی فراہمی مکمل کر لی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 7.5ملین مستحقین کورواں ہفتے کے آخر میں 8171ایس ایم ایس سروس کے ذریعے نشاندہی کے بعد رقم کی ادائیگی شروع کی جائے گی۔عوام کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے پر پنجاب سے 36، سندھ سے 26اور خیبر پختونخواہ سے 10 افراد کو  غیرقانونی طور پر کٹوتی کرنے پر حراست میں لیا گیا ہے۔

 ملک بھر میں 72جعلسازوں کیخلاف مجموعی طور پر 64ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں  احساس فری ہیلپ لائن میں بھی روزانہ کی بنیاد پر 1500شکایات کو دیکھاجاتاہے۔
ان تمام اقدامات کا مقصد کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں مستحق افراد میں رقوم کی مکمل ادائیگیوں کیلئے شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

اے پی پی/ سعیدہ/ریحانہ