کراچی ، 11اپریل (اے پی پی ):وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے بعد احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ملک بھر میں امدادی رقوم کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ،گزشتہ دنوں وزیر اعظم نے پاکستان میں کرونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر غریب ، مزدور اور دھاڑی دار افراد اور اُن کے اہل خانہ کے لیئے بارہ ہزار فی خاندان دینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعدوزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی سربراہی میں ملک بھر میں دو بینکوں اور علاقوں میں مراکز قائم کر کے رقوم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور رقوم کی فراہمی کو جلد اور آسان بنانے کے لیئے کراچی میں 40 مراکز کا قیام عمل میں لا یا گیا ہے ۔
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کو 3 فیزیز میں مکمل کیا جائے گا ، پہلے فیز میں اُن خواتین میں رقوم کی تقسیم کی جا رہی ہے جن کا پہلے سے ریکارڈ حکومت کے پا س موجود تھا،دوسرے فیز میں بذریعہ SMS مستحق افراد کو آگاہ کر دیا جائے گا اور تیسرے فیز میں ضلعی انتظامیہ مستحق افراد کا ڈیٹا مرتب کر کے رقوم کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
کراچی کے علاقے لیا ری آگراہ تاج کالونی میں غازی بن قاسم اسکول میں قائم ڈسٹریبوشن سینٹر میں رقوم کی فراہمی قانون نا فذ کر نے والے اداروں کی زیر نگرانی ،سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ کی گئی ۔
ڈائیریکٹر لیاری ڈویزن فوزیہ بشارت کااحساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے حوالے سے کہنا تھا کہ رقوم حاصل کر نے والی مستحق خواتین نے کہا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے اس اقدام کو سراہتے ہیں کہ اُنھوں نے اس مشکل وقت میں ساتھ دیا ۔
واضع رہے کہ 144 ارب روپے کے اس احساس پروگرام سے 1 کروڑ 20 لاکھ خاندان مستفید ہو نگے ۔
اے پی پی /فہیم احمد /ریحانہ