اسلام آباد،24مئی  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  ریاست مدینہ کی طرح جس بھی قوم نے معاشرے کے کمزور طبقہ کی ذمہ داری لی اور قانون کی بالادستی کا اصول اپنایا وہ قوم اوپر اٹھی،چین نے 35 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا،ہم اسی ماڈل پر عمل پیرا  ہیں اور احساس پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہے، احساس بچت اکاؤنٹس کا اجراء  غریب طبقے کا احساس ہے۔

وہ پیر کو یہاں احساس بچت بنک اکائونٹ پروگرام کے آغاز پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہا کہ احساس اکاؤنٹ کی دووجہ سے اہمیت ہے، اس میں ایک بینکنگ  سسٹم میں زیادہ سے زیادہ رجسٹریش ہے اس سے غربت میں کمی  آئے گی اور دوسرا اس سے خواتین کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،زیادہ سے زیادہ لوگ مالایات نظام میں آنے سے غربت میں تیزی سے کمی آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نائیجریا،کینیا اور بنگلہ دیش میں اس کاتجربہ کامیابی سے کیا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو مین سٹریم میں لانے سے ان کی زندگی میں بہتری آئے گی،وہ اپنے کاروبار شروع کر سکیں گی، یہ پروگرام بھی احساس کے تحت چلنے والے پروگراموں کی طرح کامیاب ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ورلڈ بینک کی جانب سے احساس پروگرام کو سیفٹی نیٹ کا کویڈ کے دوران دنیا کا چوتھا بہترین پروگرام قرار دینے کے اعزاز کے حصول پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر،احساس کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔