لاہور، 7 جون(اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے  کہا ہے کہ اسپیشل لوگوں کو سہولت دینے کے  لیے قومی اسمبلی  کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے، تھیلیسیما سے متعلق قانون سازی کی ضرورت ہے۔

پیر کو   یہاں میڈیا سے گفتگو  میں  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا  کہ  عوام سے اپیل ہے سندس فاونڈیشن جیسے اداروں کی مدد کریں، پشاور اور صوابی وغیرہ میں جہاں بھی سندس فاؤنڈیشن کو جگہ کی ضرورت ہوئی  میں بھرپور مدد کروں گا۔انہوں نے کہا کہ تھیلیسیما سے متعلق قانون سازی کی ضرورت ہے، تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لیے  قانون سازی  کرنے کے لیے بھی تیار ہیں، سیاسی جماعتوں میں اختلاف رائے ہوتا رہتا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ مہذب انسانی معاشرہ تب بنتا ہے جب دوسروں کے لئے درد محسوس کیا جائے  اور جو لوگ ایسا کرتے ہیں وہ دلی سکون بھی حاصل کرتے ہیں، اس بار وفاق نے صوبوں کو پی ایس ڈی پی  کے فنڈز ان کی مرضی سے خرچ کرنے  کی آزادی دی ہے۔