لاہور،16جنوری(اے پی پی): الحمرا آرٹس کونسل میں غزل فیسٹیول سجایا گیا جس میں نوجوان گلوکاروں کی شاندار پرفامنس نے سماں باندھ دیا۔ غزل فیسٹیول میں گلوکار عبد الرؤف،سمیعہ گوہر، روحامہ عباس، نعلین عباس،سلیمان سجاد، شہر بانو، زینب وسیم، جزلن حیدر،کاظم رضوی، زوحہ وسیم، نرشا،رمشا اشرف اور شازیہ نے پرفارم کیا جبکہ  فیسٹیول میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد  نے  شرکت کی اور  تفریح کے مواقعوں کی فراہمی پر الحمرا انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔

غزل فیسٹیول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرااطہر علی خان نے کہا ہے کہ ہماری  غزل گائیکی کا مستقبل تابناک ہے  اور دنیا میں اعلی مقام  رکھتا ہے ۔ پاک سرزمین نے غزل گائیکی میں  بہت بڑے نام پید ا کئے ہیں جو دنیا میں پاکستان کے سفیر ہونے کا درجہ رکھتے ہیں،الحمرا  ان کے سفر میں ہم قدم رہا ہے،جس سے نہ صرف معاشر ے میں احسن اقدار کو فروغ ملا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا سوفٹ امیج بھی بہتر ہوا۔

اطہر علی خان  نے   کہا کہ پاکستانی نوجوان ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی مہارتوں کا  لوہا منوا رہے ہیں، غزل گائیکی میں ان فنکاروں  کی پرفارمنس قابل دید ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں بہت اچھی غزل لکھی بھی جا رہی ہے، جس میں ہماری خوبصورت روایات کو ترویج و ترقی حاصل ہو رہی ہے۔ایسے فیسٹیول کے مرہون منت ہماری غزل فنی او رتکنیکی طور پر ترقی پا رہی ہے،یہ فن پنپ رہا ہے، آگے بڑھ رہا ہے،جس کی جتنی قدر کی جائے کم ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا نے کہا کہ غزل ہمارے ادب کا حسن ہے اور ہمارے مایہ ناز گلوکاروں مہدی حسن،غلام علی،اقبال بانو،فریدہ خانم اور نورجہاں کی  گائیکی نے  اس صنف کو بام عروج تک پہنچایا،ان کی تقلید میں نوجوان گلوکاروں  میں غزل گائیکی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور جہاں جونوان گلوکار لوک گائیکی کو اپنا رہے ہیں وہاں غزل گانے والے گلوکاروں کو بہت بڑی تعداد ہمارے پاس موجود ہے۔

اے پی پی/لاہور/قرۃ العین

Download Video