اسلام آباد ، 29 اکتوبر (اے پی پی ): حکومت اور آزادی مارچ کے رہنماؤں کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد  انتظامیہ نے اسلام آباد میں اتوار بازار کے قریب آزادی مارچ کے شرکاء کے لیے مختص جگہ پر انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔ان انتظامات  کے سلسلے میں جگہ کو ہموار کرنا بیت-الخلا کی تعمیر، کھانے پینے کی فراہمی اور دیگر ضروری انتظامات شامل ہیں ۔

آزادی مارچ کی انتظامیہ نے بھی حکومت  کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ساتھ یہ یقین دہانی بھی کروائی ہے کی آزادی مارچ کے شرکاء پر امن رہیں گے اور صفائی اور صحت کے بنیادی اصولوں کا بھی خصوصی طور پر خیال رکھا جائے گا ۔

موجودہ حکومت سیاسی جماعتوں کے احتجاج کے جمہوری حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے تمام تر سہولیات فراہم کر رہی ہے لیکن سیاسی جماعتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائیں تا کہ جڑواں شہروں کے عوام بھی کسی تکلیف سے دوچار ہوئے بغیر کاروبار زندگی کو جاری رکھ سکیں۔

وی این ایس  ، اسلام آباد