اسلام آباد ، 30نومبر(اے پی پی ): بابا گرونانک کے 551 ویں جنم دن کی جاری تقریبات کے سلسلے میں وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے نغمہ ریلیز کردیا،نغمے کو معروف تامل گلوکارہ اور اداکارہ پونم کور پر فلمایا گیا ہے۔

پونم کور نے نومبر 2018 میں سکھ یاتری کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا اور مشہور دستاویزی فلم “Walk with Poonam Kaur” بنائی۔  انہوں نے انسانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عظیم مقصد کے لئے اس پروجیکٹ پر کام کیا۔  ایک بار پھر پونم دستاویزی فلم کے دوسرے حصے کے لئے پاکستان میں موجود ہیں۔

نغمے میں کٹاس راج، گُردوارہ نارووال، فیصل مسجد، مزار علامہ اقبال، مزار بابا فرید سمیت گُردوارہ کرتار پور صاحب کے مناظر کی فلم بندی کی گئی ہے، نغمے کو بوبی اور ستارہ نے گایا ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری جواد خان نے کی ہے۔

پونم کور نے اس موقع پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے  ہوئے  کہا کہ ماضی میں جب وہ کرتار پور آئی تھیں تو انہوں نے دوبارہ آنے کی منت مانی تھی جو کہ پوری ہوگئی۔

یاد رہے کہ بابا گورونانک کی 551 ویں جنم دن کی تقریبات کرتارپور میں جاری ہیں جبکہ دنیا کے مُختلف ممالک سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد کرتار پور کا رُخ کیئے  ہوئے  ہیں ۔ حکومت پاکستان کی جانب سے اس سلسلے میں خصوصی انتظامات  کیئے  گئے ہیں ۔