لاہور ۔5جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ ہماری حکومت کی کارکردگی کا عکاس ہوگا، بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے گا، آمدن میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، الیکشن اصلاحات سمیت دیگر اہم ایشوز پر اپوزیشن کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے، حکومت چاہتی ہے کہ الیکشن کمیشن تجرباتی بنیادوں پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کرے، قومی اداروں کے اندر ماضی کی حکومتوں نے سیاسی بھرتیاں کیں، فیٹف میں پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک جس گرداب میں پھنسا ہوا تھا، الحمد للہ آج اس سے باہر آگیا ہے۔ بجٹ کے بنیادی اہداف کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ہماری گزشتہ سالوں کی کارکردگی کا عکاس ہوگا، اس سے ہماری مشکلات میں کمی آئے گی۔ ترقیاتی بجٹ میں اضافہ، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف، مہنگائی میں کمی کے لئے اقدامات سمیت آمدن میں اضافے پر بنیادی توجہ دی جا رہی ہے۔