کوئٹہ، 12اپریل(اے پی پی): منتخب جمہوری حکومت نے رمضان المبارک میں عام آدمی کیلئے بڑے ریلیف پیکج کی تیاری کرلی ہے ۔ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی ماہ صیام کے آغاز سے قبل تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔

وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے یوٹیلٹی اسٹورز پر 7 ارب روپے سے زائد کا رمضان ریلیف پیکج تجویز کیا گیا ہے ۔ رمضان المبارک میں چینی 68 روپے فی کلو ، 20 کلو آٹے کا بیگ 800 جبکہ گھی کی قیمت 170 روپے فی کلو رکھنے کی تجویز ہے ۔ کوئٹہ میں 64 جبکہ صوبے بھر کے تمام 225 سے زائد اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کے تحت 19 اشیائے ضروریہ پر 10  سے 50 روپے تک سبسڈی دی جائے گی ۔ رمضان کی مناسبت سے مشروبات پر 20  سے 25 روپے ، کوکنگ آئل پر بھی  20   روپے ، فی کلو چاول پر 10 جبکہ دالوں پر 25 سے 30 روپے تک سبسڈی دی جائے گی ۔

ریلیف پیکج کا بنیادی مقصد کم آمدنی والے طبقات کو بھی معیاری اشیا مناسب قمیت میں فراہم کرنا ہے  ۔حق حقدار تک پہنچانے کے اس مشن کو شفاف بنانے کیلئے  مہنگائی مافیا پرکڑی نظر رکھنے کے ساتھ مسلسل مانیٹرنگ اور ویجیلنس کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔