اسلام آباد،4جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بلین  ٹری   سونامی  کو  اقوام  متحدہ   سمیت   پوری   دنیا میں  سراہا  گیا، 10 بلین   ٹری  سونامی  میں   بھی    بڑی  کامیابیاں   سمیٹیں    گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ  عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی ہمارے لئے اعزاز ہے، موجودہ حکومت نے سب سے زیادہ ماحولیات کے بارے میں آگاہی فراہم کی، وزیراعظم عمران خان کا وژن نسلوں کو سنوارنے کا ہے، ماحولیات کے حوالے سے دنیا پاکستان کے اقدامات کی معترف ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اس سال 5 جون کو عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کر رہا ہے، اس سال کا موضوع ماحولیاتی نظام کی بحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے حوالے سے آج تک کسی حکومت نے اتنی آگاہی فراہم نہیں کی جتنی موجودہ حکومت نے کی ہے۔ اس کی بڑی وجہ وزیراعظم عمران خان کا ماحول دوست وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جنگل اجڑ رہے تھے، دریاآلودگی کا شکار ہو رہے تھے، ندی نالے ختم ہو گئے جبکہ درخت ناپید ہو رہے تھے، کسی حکومت نے اس بارے میں سوچا ہی نہیں جس کی وجہ سے ماحولیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج پاکستان میں ایک ایسا لیڈر موجود ہے جس کا وژن نسلوں کو سنوارنے کا ہے۔ ہم نے خیبر پختونخوا میں ون بلین ٹری سونامی کا آغاز کیا، اس پروگرام کو عالمگیر سطح پر سراہا گیا، اقوام متحدہ کے اداروں نے بھی اس کی تعریف کی، اب ہم نے 10 بلین ٹری سونامی کا آغاز کیا ہے، اس میں بہت بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت آج پوری دنیا پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے تصویری نمائش کے انعقاد پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کو مبارکباد پیش کی۔ آخر میں انہوں نے  اسلام آباد پولیس کے دو اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، یہ جنگ جاری ہے، پوری قوم گزشتہ روز شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔