بورے والا، 28 جون(اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عوام میں اس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے کورونا ٹائیگر فورس بورے والا کے سینکڑوں رضا کاروں کی جانب سے مقامی انتظامیہ کی سرپرستی میں جاری آگاہی مہم میں تیزی آگئی ہے۔

 ٹائیگر فورس کے رضا کار گنجان آباد علاقوں، بازاروں،کاروباری مراکز،پبلک مقامات،مساجد اور شہر کی مختلف شاہراہوں پر الگ الگ ٹیموں کی شکل میں عوام میں فیس ماسک اور سینیٹائزر کی تقسیم کے علاوہ انہیں مکمل آگاہی دینے میں مصروف ہیں۔

ٹائیگر فورس کی  اس خصوصی مہم کی سرپرستی اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب،اے ایس پی ڈاکٹر عزیر احمد،پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری ملک فاروق اعوان،سابق ٹکٹ ہولڈر سردار خالد نثار ڈوگر اور دیگر پارٹی رہنماء کررہے ہیں جبکہ کورونا ٹائیگر فورس کی اس آگاہی مہم کی وجہ سے بورے والا میں کورونا کیسسز کی تعداد میں کمی واقع ہورہی ہے ،مقامی شہریوں نے کورونا ٹائیگر فورس کی رضاکارانہ مہم کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا ہے۔

وی این ایس، بورے والا