بورے  والا، 16 جولائی (اے پی پی ): پاکستان تحریک انصاف کے ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری اعجاز سلطان بندیشہ نے کہا ہے کہ بورے والا ایک تاریخی اور قدیمی شہر ہے ہم وزیر اعظم عمران خان اور پارٹی کے ویژن کے مطابق بورے والا کو ضلع کا درجہ دلوانے کے لئے بھر پور کردار ادا کررہے ہیں، اس حوالہ سے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو باضابطہ درخواست دے دی گئی ہے اور انشاء اللہ جلد ہی بورے والا کے عوام کو بہت بڑی خوشخبری دی  جائے گی  اور  بورے  والا کو ضلع کا درجہ  دلوانا  ہماری  اوولین  ترجیح  ہے۔

قومی خبر رساں   ایجنسی    “اے پی پی” سے خصوصی گفتگو میں  انہوں نے  کہا کہ   بورے والا کو ضلع کا درجہ دلوانے کے لئے بہت جلد وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کر کے انہیں بورے والا کی اہمیت اور اسکے تمام خدوخال سے آگاہ کیا جائے گا، آبادی کے لحاظ سے بورے والا پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل ہے جسے میونسپل کارپوریشن کا درجہ بھی حاصل ہے جبکہ  ایشیاء کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل ملز بھی بورے والا کی شناخت ہے۔

ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری اعجاز سلطان بندیشہ نے  کہا کہ   بورے والاکو دی سٹی آف ایجوکیشن اینڈ سپورٹس بھی کہا جاتا ہے، زرعی یونیورسٹی کا کیمپس اور بڑے تعلیمی ادارے بھی اس شہر میں موجود ہیں، اس شہر کار معیار تعلیم ناصرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے  کہا کہ  ٹیکسٹائل انڈسٹری اور زرعی آلات بنانے کی بڑی انڈسٹری کے علاوہ موٹر سائیکل رکشہ جس سے اس وقت ملک کے لاکھوں خاندان روزگار کمار رہے ہیں وہ بھی اس شہر کی ایجاد ہے۔

 چوہدری اعجاز سلطان بندیشہ نے کہا کہ یہ تحصیل 400 سے زائد دیہات پر مشتمل ہے، یہ تحصیل اپر اور جنوبی پنجاب کی بارڈر لائن پر واقع ہے جو جغرافیائی لحاظ سے بھی بڑی اہمیت کی حامل ہے اور اب پہلی بار ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے آنے کے بعد ہماری حکومت نے نئے اضلاع  بنانے کی بات کی ہے اور ہم نے اسکے لئے آواز بلند کی ہے جس میں انشاء اللہ ہمارا یہ مطالبہ ضرور پورا ہوگا۔

 وی  این ایس،  بورے  والا