کوئٹہ،05اگست ( اے پی پی ): ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماءورکن صوبائی اسمبلی قادر نائل نے کہا ہے کہ 5اگست کو بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دی ہے ،کشمیری بھائیوں کی  آزادی کی تحریک کی جدوجہد کے لئے ہر ممکن تعاون اور حد تک جائیں گے۔

قومی خبر رساں ایجنسی  “اے پی پی نیوز”سے بات چیت کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے مظالم کی نئی داستانیں رقم کردی ہیں، کشمیریوں کی حق خودرادیت کی آواز کو دبانے کے لیے بھارت ظلم کی تمام حدیں عبور کرررہا ہے ، پاکستان کی عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ دشمن کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی موجودہ قیادت جنگی جنون میں مبتلا ہے اور خطے میں عدم استحکام پھیلانا چاہتی ہے، عالمی ادارے اور اقوام متحدہ بھارت کے اس جنگی جنون کو لگام دے ورنہ ہم ملک کے دفاع  کیلئے  ہر حد تک جانے کے لیے تیار  ہیں ۔

انہوں نے  کہا کہ  کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رہے گا، کشمیری بھائی اپنے آپ کو اکیلے نہیں سمجھے، پورا بلوچستان کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے ،دشمن کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں کوئی بھی ملک غلط فہمی میں نہ رہے۔

اے پی پی /محمد بلال اعوان /حامد