اسلام آباد،4جون  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان کے بعد نظام بدلنے کے لئے سب سے بڑی جدوجہد اس وقت جاری ہے، مافیا اس کی ناکامی کے لئے کوشاں ہے تاہم یہ جدوجہد ہماری نسلوں کے لئے اہم ہے، پاکستان مشکل دور سے نکل چکا ہے، اب معاشی ترقی ، دولت میں اضافے اور روزگار کی فراہمی کا وقت ہے، 1960 کی دہائی کی طرح سبز انقلاب کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، مافیا نے حکومت سازی کے فوراً بعد ہی حکومت کی ناکامی کاشور شروع کر دیا تھا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لودھرا ں تا  ملتان شاہراہ کی اپ گریڈیشن و بحالی کے منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا  کہ جب ہماری حکومت آئی تو پہلے ہفتہ ہی یہ سوال اٹھانا شروع ہو گئے  کہ کہاں ہے نیا پاکستان اور حکومت کی ناکامی کی باتیں شروع ہو گئیں، ہم نے اڑھائی سال بڑے صبر سے گزارے، اپوزیشن کے بارے میں علم تھاکہ  این آ ر او ملنے تک  تنقید جاری رکھے گی، میڈیا میں بھی ہمارے اوپرتنقید ہو رہی تھی،یہ بہت مشکل وقت تھا جس سے گزرنا پڑا، ہر روز ہم پر تنقید کی جاتی تھی، میڈیا نے یہ تاثر دیا تھاکہ کوئی بٹن دبانے سے نیا پاکستان بن جائے گا۔

 انہوں  نے کہا   کہ تبدیلی جدوجہد سے آتی ہے، بغیر جدوجہد کوئی معاشرہ تبدیل نہیں ہوتا، وہ نظام جس میں لوگوں نے اپنے مفاد کے لئے پنجے گاڑ لئے ہوں اس کو جدوجہد کے بغیر تبدیل کرنا ممکن نہیں، انگریزوں کے خلاف طویل جدوجہد کے بعد ہمیں آزادی ملی، قائد اعظم کی جدوجہد کو دیکھیں تو اس میں بھی نشیب و فراز آتے رہے، ایک وقت وہ دلبرداشتہ ہو کر برطانیہ چلے گئے۔

 وزیراعظم نے  کہ مافیا سے آزادی یا نظام کی تبدیلی کے لئے جدوجہد کی جاتی ہے، 1947 کے بعد پاکستان کا نظام بدلنے اور مافیا سے آزادی کے لئے یہ بڑی جدوجہد ہے، اس دوران مافیاحکومت کی ناکامی کے لئے کوشاں ہے، یہ ہماری نسلوں کے لئے اہم جدوجہد ہے، یہ قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے،اس سے ہی معاشرے نے بدلنا ہے، طاقتور کو قانون کے تابع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارے خوشحال ممالک میں قانون کی حکمرانی ہے، وہاں کوئی قبضہ مافیا، چینی مافیا اور سیاسی مافیا نہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اپنے آپ کو جمہوری کہتی ہے لیکن فوج کو کہتی ہے کہ حکومت گراؤ ، ان کی جنگ ذاتی مفادات کی جنگ ہے،ان کے اربوں ڈالر باہر پڑے ہیں، ان کی ساری چوریاں سامنے آ رہی ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح حکومت گرادیں ۔