اسلام آباد،10جون  (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ    مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ترسیلات زرکی مدمیں 26 ارب ڈالرحاصل ہوئے ہیں اورسال کے اختتام پریہ 29 ارب ڈالرہوجائیں گے، ترسیلات زرمیں  اضافہ وزیراعظم عمران خان پربیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کامظہرہے۔

جمعرات کویہاں قومی اقتصادی سروے 2020-21 کے اجرا کے موقع پر وفاقی وزیرمخدوم خسروبختیار،مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹرثانیہ نشتر، اورمعاون خصوصی ریونیو ڈاکٹروقار مسعودکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ نے کہاکہ ترسیلات زرکے شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے، مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ترسیلات زرکی مدمیں 26 ارب ڈالرحاصل ہوئے ہیں اورسال کے اختتام پریہ 29 ارب ڈالرہوجائیں گے، ترسیلات زرمیں یہ اضافہ وزیراعظم عمران خان پربیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کامظہرہے۔ موجودہ حالات میں ترسیلات زرمیں یہ اضافہ ہمارے لئے رحمت  سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہورہاہے، حسابات جاریہ کے کھاتے کئی ماہ فاضل میں چل رہے ہیں، روشن ٖڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک ارب ڈالرآئے ہیں اوراس میں اضافہ ہورہاہے، زرمبادلہ کے ذخائر جو 2018 میں 8ارب ڈالرکی سطح پرتھے اب 16 ارب ڈالرسے تجاوزکرگئے ہیں ِ۔