فیصل آباد، 23مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو ترجیحی بنیادوں پر ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے اورمسیحی برادری میں سے پڑھے لکھے لوگوں کا آگے آنا ان کی ترقی کا غماز ہے۔

اتوار کی دوپہر پریسبیٹرین چرچ آف پاکستان نواباں والا چوک سمن آباد بینک موڑ فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ناظم آباد میں چرچ اور مسجد ساتھ ساتھ ہیں جوبین المذاہب ہم آہنگی اور امن کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ چونکہ پاکستان نے ہم سب کو عزت دی ہے اورہمیں یہاں اپنے اپنے مذاہب کے مطابق ہرقسم کی آزادی حاصل ہے اسلئے ہمیں پاکستان کے استحکام،اس کی ترقی اور مضبوطی کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔

فرخ حبیب نے کہاکہ  حکومت کی مسلسل جدوجہد اور گزشتہ 3سالہ اقدامات کے نتیجہ میں اب معاشی اعشاریئے بہت بہتر ہوگئے ہیں اور نہ صرف معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے بلکہ صنعت کا پہیہ بھی پوری گنجائش کے ساتھ چل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بند فیکٹریاں چلنے سے ٹیکسٹائل کی برآمدات میں ساڑھے13فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب بہت جلد ہم نے نوکریاں مانگنے والا نہیں بلکہ ملازمتیں دینے والا بننا ہے۔