فیصل آباد  ،11جون   (اے پی پی): چیئرمین فیصل آباد گارمنٹس سٹی ریحان نسیم بھراڑا نے سال 2021-22کے وفاقی بجٹ کو پاکستان کی خوشحالی کیلئے ایک مژدہ قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مشکل ترین حالات میں بہت ہی اچھا اور جامع بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں لارج مینوفیکچرنگ سیکٹر بڑی تیزی سے ترقی کررہا ہے جبکہ اس سال گندم، گنا، چاول اور دیگر فصلوں کی پیداوار میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی زیرقیادت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے جس کی بدولت آج ہماری برآمدات 25بلین ڈالر کو ٹچ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ نہ صرف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بہت ضروری ہے بلکہ اس کو اگر پاکستان کی لائف لائن قرار دیا جائے تو بھی بے جا نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ٹیکسٹائل انڈسٹری نے بہت ترقی کی اور آج تمام صنعت یونٹ اپنی پوری کپیسٹی پر چل رہے ہیں جس کے سبب لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے بزنس مینوں کے مسائل حل کرنے کیلئے بڑی جدوجہد کی اور ہر چیز میں بہتر سے بہتر پالیسی لائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کی بدولت آج خوش خبریاں آرہی ہیں کہ روس نے پاکستان سے چاولوں کی درآمد کھول دی ہے جبکہ پاکستانی آموں کی برآمدات جاپان تک جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سارے معاشی اعشاریے مثبت ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس سال گروتھ ٹارگٹ 4.8فیصد رکھا ہے مگر میرا خیال ہے کہ اگر ہم نے اپنی ترقی کی شرح برقرار رکھی تو ہم جی ڈی پی گروتھ ریٹ کو 5فیصد سے بھی کراس کرجائیں گے۔