اسلام آباد ،30 مارچ(اے پی  پی ):دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے سب سے زیادہ امریکا، اٹلی اور اسپین میں تباہ کاریاں مچا رکھی ہیں جب کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر  میں ہلاکتوں کا سلسلہ نہ تھم سکا اور اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزارسے تجاوز کر چکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا میں 286 نئی اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 489 ہو گئی ہے جب کہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 746 ہو گئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق صرف ریاست نیویارک میں کورونا وبا سے مرنے والے افراد کی تعداد 1026 ہو چکی ہے جب کہ امریکا میں پائے جانے والے مجموعی کیسز میں سے آدھے نیویارک میں ہیں۔

دنیا بھر میں اس وقت سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں  ہوئی ہیں جہاں 10 ہزار 779 افراد اب تک کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ مریضوں کی تعداد بھی تقریباً ایک لاکھ کے قریب ہے۔اسپین 537 نئی ہلاکتوں کے بعد اٹلی کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا متاثر ملک ہے جہاں اب تک 7 ہزار 340 افراد ہلاک اور 85 ہزار 195 متاثر ہو چکے ہیں۔

ایران میں بھی کورونا وائرس کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 117 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جس کے بعد اسلامی ملک میں اموات کی تعداد 2 ہزار 757 تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ برس چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے منظر عام پر آنے والا کورونا وائرس اب تک دنیا کے 199 ممالک کے 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد لوگوں کو متاثر کر چکا ہے۔کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 34 ہزار 804 اموات ہو چکی ہیں جب کہ ایک لاکھ 56 ہزار 122 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے باعث20 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 1650 ہے۔

اے پی پی / صائمہ /حامد