اسلام آباد، 25جولائی (اے پی پی ): وزیر اعظم عمران خان امریکہ کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد آج وطن واپس پہنچ گے ہیں۔اسلام آباد  ائیرپورٹ پہنچنے پر وفاقی وزرا کی کثیر تعداد سمیت پاکستان تحریک انصاف کےسینکڑوں کارکنوں نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا ۔

اس موقع پر  گفتگو  کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا آج مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں کسی ملک کے دورے سے نہیں بلکہ ورلڈ کپ  جیت کر آیا ہوں۔

وزیر اعظم نے پاکستانیوں  کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا پاکستان اللہ کی طرف سے نعمت ہے   اور ہم نے وہ ملک بننا ہے جو علامہ اقبال کا خواب تھا، ہمیں اس ملک کو  قائد اعظم کا پاکستان بنانا ہے ۔ہم نے کسی کے آگے جھکے  بغیر  پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر مبنی  عظیم قوم بنانا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں  ایک سال لگا  ہے ملک کو ٹھیک کرنے میں اب ہم مزید  آگے بڑھیں گے  اور میں آپکو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔

وزیر اعظم عمران خان  نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے ہر نعمت سے نوازا ہے۔ ہم اس ملک کے ادارے ٹھیک کریں گے اور  ملک کو مقروض کرنے والوں کا احتساب کریں گے ۔ میرا وعدہ ہے پاکستان کی عوام اور پاکستان کے مقام کو بڑھانا ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد