اسلام آباد ،28 مئی (اے پی پی ):وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سی پیک کا اگلہ مرحلہ اکنامک زونز کا قیام ہے۔ ان زونز کے قیام سے برآمدات بڑھیں گی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور ان کی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اکنامک زون کے حوالے سے تیزی سے کام کیا۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اگر کوئی رکاوٹیں پیش آئیں تو آگاہ کیا جائے وفاقی حکومت ملک میں صنعتوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔چینی سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی زونز سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔دوطرفہ اقتصادی تعاون سے دونوں ملکوں کی معیشتوں کو فائدہ پہنچے گا۔منصوبے کے افتتاح پر وزیراعظم عمران خان اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے پاکستان میں مزید چینی سرمایہ کاری آئے گی۔