اسلام آباد۔3جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے  معاشی اعدادوشمار جعلی تھے ، ن لیگ کی حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پہ کھڑا کیا تھا مگر وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسیوں سے ملک کو ان بحرانوں سے نکال دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں جمعرات کو وفاقی وزراء شوکت ترین،حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسیوں کی مرہون منت ہیں، دنیا بھر میں معاشی سست روی کے باوجود ، پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور 4 فی صد شرح نمو حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ‏سابقہ حکومت نےملکی معیشت کوبری طرح تباہ کیا،گزشتہ دورمیں قرضے لےکرملکی معیشت کوبہتر دکھانے کی کوشش کی گئی ،ن لیگ کے دورمیں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ دور میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کو مصنوعی طریقے سے مستحکم دکھایا ۔انہوں نے کہا کہ شرح نمو میں میں اضافے اور ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہونے پر رواں ‏سال فی کس آمدنی میں 13.4فیصدنمایاں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ فی کس آمدنی 1361 ‏ڈالر سے بڑھ کر 1543 ڈالر ہو گئی۔