اسلام آباد ، 01 جنوری (اے پی پی ): سال2019 کے دوران جہاں عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 238 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 1284 ڈالر فی اونس کے مقابلے میں 1522 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی وہیں مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونا 20 ہزار چھ سو روپے مہنگا ہو گیا ۔ 31 دسمبر 2018 کو سونے کی فی تولہ قیمت67 ہزار 800 روپے تھی جو 31 دسمبر 2019 تک 88 ہزار 400 روپے فی تولہ تک پہنچ گئی۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک سال کے دوران 17 ہزار چھ سو ساٹھ روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 31 دسمبر 2018 کو دس گرام سونے کی قیمت 58 ہزار 130 روپے تھی جو کہ ایک سال بعد اسی تاریخ تک 75 ہزار سات سو نوے روپے تک پہنچ گئی ۔
بات کریں چاندی کی تو ایک سال کے دوران چاندی کی فی تولہ قیمت میں 190 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور گزشتہ سال کے 880 روپے فی تولہ کے مقابلے میں اس سال 31 دسمبر کو فی تولہ چاندی ایک ہزار ستر روپے میں فروخت ہوئی ۔ دس گرام چاندی کی قیمت بھی ایک سال میں 162 روپے 90 پیسے کے اضافے سے 754 روپے کے مقابلے میں 917 روپے 35 پیسے تک پہنچ گئی۔
گزشتہ سال میں سونے کی ہوش ربا قیمتوں کے باعث بناو سنگھا ر کے لیے مصنوعی زیورات کا رجحان غالب رہا لیکن نئے سال سے نئی امیدیں بھی وابستہ ہیں امید ہے کہ سال 2020 خواتین کے لیے خوشی کا سال ثابت ہو گا اور ایک بار پھر سونے کی چمک عروج پائے گی ۔
اے پی پی / سعیدہ/قرۃآلعین