اسلام آباد، 24ستمبر(اے پی پی ):موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں جس کی عکاسی وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دوروں سے عیاں ہے۔

عین اس وقت جب وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ کے اجلاس میں شریک ہیں، اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف المالکی نے دو طرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی کا اعلان کیا۔  سعودی عرب کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے دور میں دو طرفہ وفود کے تبادلوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے تعلقات پہلے سے زیادہ اہم اور مضبوط ہو رہے ہیں۔

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی دبنگ انٹری نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

تقریب میں ڈپٹی  چئیرمین سینٹ قاسم سوری، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور معاون خصوصی براۓ اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی شرکت کی جبکہ دیگر سیاسی رہنماؤں سمیت مُختلف ممالک کے سفراء اور زندگی کے مُختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے  بھی تقریب میں شرکت کی۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد