اسلام آباد ، یکم اگست (اے پی پی): یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان (یو ایس سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر صارفین کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، اس مرتبہ ملک بھر کی تمام بڑی شاخوں پر سٹاک میں بہتری آئی ہے، آٹومیشن پراجیکٹ کے ذریعے ایک ہزار سے زائد سٹوروں کو ہیڈ آفس سے لنک کیا جائے گا، فرنچائز پراجیکٹ کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

جمعرات کو “اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر کولڈ ڈرنکس، مصالحہ جات، آئل، گھی سمیت 300 سے زائد اشیاءخوردونوش و دیگر اشیا پر کارپوریشن نے سبسڈی دی ہے جس سے کم آمدنی والے اور خاص طور پر مستحق افراد استفادہ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں قائم کارپوریشن کی تمام شاخوں پر موجود سٹاک میں ماضی کی نسبت کافی بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے کارپوریشن کی سیل میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ کی مسلسل کوشش سے مختلف کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں اور ہم نے پارشل پیمنٹ کی صورت میں مختلف کمپنیوں کو 2 ارب کے قریب ادائیگیاں کی ہیں جس سے کمپنیوں کا اعتماد کارپوریشن پر بحال ہوا ہے اور تقریباً تمام کمپنیوں نے سپلائی بحال کر دی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں کچھ عرصہ قبل آٹومیشن پائلٹ پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا تھا جس کے ذریعے ملک بھر میں موجود ایک ہزار سے زائد سٹورز کو اس سے لنک کیا جائے گا، اس منصوبہ سے سپلائی کی بحالی میں بہتری اور بے ضابطگیوں پر کنٹرول کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس سی کا فرنچائز پراجیکٹ کام کر رہا ہے تاہم اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے جس کے حوالہ سے ہم اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد کارپوریشن اپنا برانڈ متعارف کرائے گی جس میں ابتدائی طور پر جوسز، چائے، ٹشو پیپرز، ٹائلٹ پیپرز، ماچس، میکرونی، سویاں سمیت دیگر اشیاءخوردونوش شامل ہوں گی اور یہ تمام آئٹمز پی ایس کیو سی اے سے منظور شدہ ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ میگا سٹورز پر کام کر رہے ہیں، آئندہ تین سے چار ماہ کے دوران ان کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں قائم کم آمدنی والے سٹورز کو ایسی جگہوں پر منتقل کیا جا رہا ہے جہاں پر ان کی سیل میں بہتری آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کارپوریشن انتظامیہ صارفین کے اعتماد کی بحالی کیلئے معیاری اور سستی اشیاءفراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور مستقبل قریب میں کارپوریشن ایک مثالی ادارہ کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد