اسلام آباد، 11 ستمبر ( اے پی  پی ):  بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 71 واں یوم وفات انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے مختلف تقاریب اور تصویری نمائشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد میں ایوان قائد میں قائد گیلری کے نام سے قیام پاکستان اور قائد اعظم کی زندگی کے حوالے سے تصویری نمائش  منعقد کی  گئی ہے جس کا مقصد لوگوں اور بالخصوص نوجوان نسل کو تاریخ پاکستان اور قائد اعظم کی زندگی سے متعلق آگاہی دینا ہے۔

ایوان قائد میں قائد گیلری کے ساتھ ساتھ قائد پبلک لائبریری بھی قائم کی گئی ہے۔ قائد پبلک لائبریری کا قیام نظریہ پاکستان کونسل کے زیر اہتمام عمل میں لایا گیا  مگر اب یہ ڈیپارٹمنٹ آف لائبریریز کے زیر انتظام چل رہی ہے۔ اس لائبریری میں  قائد اعظم کی زندگی اور تحریک پاکستان کے حوالے سے کتابیں رکھی گئی ہیں  تاکہ نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے وقت کی جانے والی جدوجہد اور قائد اعظم کے رہنما اصولوں کے حوالے سے آگاہی دی جا سکے۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی عظیم جدو جہد کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا مگر اب یہ ہم پر فرض ہے کہ ہم قائد کے رہنما اصولوں کو اپنی زندگی کی مشعل راہ بناتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

وی این ایس، اسلا م آباد