اسلام آباد،30 اپریل (اے  پی پی ): معروف مذہبی اسکالر سیدہ سحر زیدی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن اور ماہ رمضان نے مل کر گھریلو زندگی کو از سر نو ترتیب دینے کا زبردست موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر خود ساختہ آئسولیشن اور قرنطینہ ہونے کا بھی بھر پور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سے خصوصی گفتگو کرتے ہوۓ انہوں نے کہا ہمیں چاہیے کہ ہم “قرانٹائن کوقرآن ٹائم” میں بدل دیں۔ ماہ رمضان میں زیادہ سے زیادہ کلام پاک کی تلاوت کی جاۓ اور زیادہ وقت ذکر واذکار میں گزاریں۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن بندش نہیں بلکہ نعمت ہے اس سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔

 سیدہ سحر زیدی نے مزید کہا ماں کی بچے کیلئے وقت کی دستیابی بڑھ چُکی ہے جس سے بچے کی تربیت سازی کا اچھا موقع میسر  آیا ہے۔لہذا  وہ  گلہ کہ خواتین کے پاس وقت نہیں، فی الحال دور ہو چُکا ہے ماؤں کو چاہیے کہ بچوں کو قرآنی آیات سکھائیں اور ان کے سامنے خود بھی بلند آواز میں تلاوت کریں۔

اے پی پی /حمزہ/قرۃآلعین