اسلام آباد ،  04 اکتوبر (اے پی پی ): قومی اسمبلی کے اجلاس کی کاروائی تک عام آدمی کو رسائی دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی کے ایوان کی کاروائی کو عوام الناس کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں عام آدمی کو اسمبلی کے اجلاس کی کاروائی دیکھنے کے لیے ایک گیلری اور استقبالیہ  بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔

اسپیکرقومی اسمبلی اسدقیصر نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی ہال اور کاؤنٹر پر کامن مین گیلری کاافتتاح کیا  جس کے بعد اب عام لوگوں کو قومی اسمبلی اجلاس کی کاروائی دیکھنے  کے لئے کسی  خصوصی تعلق کی ضرورت نہیں بلکہ اپنا قومی شناختی کارڈ دکھا کر اور کوائف فارم پر کرنے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہو سکیں گے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے اسدقیصرکے  نے کہا  یہ ایوان عوام کے ووٹوں سے وجود میں آتا ہے اس تک عام آدمی کی رسائی عوام کا حق ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے لوگوں کو عوامی نمائندوں سے رابطے میں بھی مدد ملے گی جبکہ  پارلیمنٹیرینز کا کہنا تھا کا  اسپیکر کا عام آدمی کو اسمبلی کے اجلاس کی کاروائی اور اپنے منتخب نمائندوں سے ملاقات کرنے کا اختیار دینا ایک خوش آئند قدم ہے۔

ایوان صدر اور گورنر ہاوسز کے بعد ایوان پارلیمنٹ  ہاؤس کے دروازے بھی  عام آدمی کے لئے کھولنے سے اب عام لوگ نہ صرف  اپنے منتخب نمائندوں سے مل سکیں گے بلکہ اجلاس کی کاروائی میں اپنے حوالے سے ہونے والی قانون سازی اور بحث و مباحثہ بھی براہ راست دیکھ سکیں گے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد