لاہور، 21مئی(اے پی پی ): وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر پورے ملک میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا۔ ملک بھر کے علماء ومشائخ ، آئمہ ، خطباء خطبات جمعہ میں مظلوم فلسطینیوں کی تائید و حمایت کی  اور اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کی ۔

 عالمی دنیا سے اپیل کی گئی  کہ وہ اس ظلم و ستم کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تا کہ آزاد فلسطینی ریاست قائم ہو جس کا دارالخلافہ القدس ہو ۔ اسرائیل مسلسل بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنا رہا ہے ، الاقصیٰ پوری امت مسلمہ کیلئے خط احمر ہے ۔ جس طرح ارض حرمین شریفین ہمارے لیے خط احمر ہے اور کسی کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ارض حرمین شریفین کے امن و سلامتی سے کھیلے اسی طرح الاقصیٰ بھی مسلم امہ کیلئے خط احمر ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ہے ،عالمی قوتوں کو یہ دیکھنا ہو گا کہ یہ جو ظلم ستم کا سلسلہ جاری ہے اس کو کس طرح بند کیا جائے۔