لاہور،10اپریل(اے پی پی ):گڈ فرائیڈے کی مناسبت سے لاہور کے ررومن کیتھولک چرچ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ملک سے  کرونا وائرس کے خاتمہ کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔ تقریب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے ممکنہ خدشہ کے باعث پنجا ب حکومت کی مقرر کردہ احتیاطی تدابیر اپنائی گئیں،صوبہ بھر کی مسیحی برادری نے بڑی تعداد میں ویڈیو لنک کے ذریعے  اپنے گھروں سے حاضری یقینی بنائی۔

 صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے گڈ فرائیڈے کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی  اور مسیحی برادری کو بھرپور تعاون پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ  نے کہا کہ گڈ فرائیڈے کا دن ہمیں احساس دلاتا ہے کہ آپس میں محبت اور ایثار کے جذبہ کو فروغ دیں،تمام مذہبی اقلیتی رہنماؤں نے پنجاب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ تمام مذہبی رہنماؤں کا متفقہ فیصلہ  ہے کہ صوبہ بھر کے تمام گرجا گھروں کو ہنگامی صورتحال تک مذہبی عبادات کے لئے بند رکھا جائیگا۔

تقریب کے اختتام پر چرچ بشپ سبسچیئن شاہ نے ملکی سالمیت و خوشحالی، بالخصوص کرونا وائرس کے خاتمہ کیلئے خصوصی دعاء بھی کرائی۔

تقریب میں اقلیتی ایم پی اے ہارون عمران گل،پاسٹر عرفان جمیل اور دیگر مذہبی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

اے پی پی / افتخار علی/قرۃالعین