اسلام آباد،4جون  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گزشتہ ادوار سے ہم نے تین گنا زیادہ سڑکیں بنائی ہیں، لودھراں تا ملتان شاہراہ اہم ہے جو تین ضلعوں کو جوڑے گی، اس سے سفر کا دورانیہ کم ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لودھرا ں تا  ملتان شاہراہ کی اپ گریڈیشن و بحالی کے منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم عمران خان  نے  کہا کہ تحریک پاکستان کے بعد نظام بدلنے کے لئے سب سے بڑی جدوجہد اس وقت جاری ہے، مافیا اس کی ناکامی کے لئے کوشاں ہے تاہم یہ جدوجہد ہماری نسلوں کے لئے اہم ہے، پاکستان مشکل دور سے نکل چکا ہے، اب معاشی ترقی ، دولت میں اضافے اور روزگار کی فراہمی کا وقت ہے، 1960 کی دہائی کی طرح سبز انقلاب کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، مافیا نے حکومت سازی کے فوراً بعد ہی حکومت کی ناکامی کاشور شروع کر دیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا  کہ جب ہماری حکومت آئی تو پہلے ہفتہ ہی یہ سوال اٹھانا شروع ہو گئے  کہ کہاں ہے نیا پاکستان اور حکومت کی ناکامی کی باتیں شروع ہو گئیں، ہم نے اڑھائی سال بڑے صبر سے گزارے، اپوزیشن کے بارے میں علم تھاکہ  این آ ر او ملنے تک  تنقید جاری رکھے گی، میڈیا میں بھی ہمارے اوپرتنقید ہو رہی تھی،یہ بہت مشکل وقت تھا جس سے گزرنا پڑا، ہر روز ہم پر تنقید کی جاتی تھی، میڈیا نے یہ تاثر دیا تھاکہ کوئی بٹن دبانے سے نیا پاکستان بن جائے گا۔