اسلام آباد ،  07 اکتوبر (اے پی پی ): غریب ، محنت کش ، مستحق اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقے خصو صاً مزدور دیہاڑی دار افراد کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کردہ سماجی و فلاحی بہبود کے جامع پروگرام “احساس” کے تحت اسلام آباد میں دسترخوان بچھایا گیا جہاں نادار افراد کو مفت کھانے کی فراہمی کے لیے احساس سیلانی لنگر  کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اس لنگر کے زریعے روزانہ چھ سو افراد کو مفت کھانا مہیا کیا جائے گا  جبکہ اسلام آباد سے شروع کی جانے والی اس سکیم کو جلد ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔

اس سلسلے کو ملک بھر میں پھیلانے کے لیے خاتمہ غربت و سماجی تحفظ ڈویژن اور سیلانی ویلفئیر کے مابین ایک مفاہمتی یاداشت بھی طے پا ئی ہے جس کے تحت احساس اور سیلانی ویلفئیر ٹرسٹ کے باہمی اشتراک سے آئندہ چار سالوں کے دوران پورے ملک میں ایک سو لنگر خانے بنائے جائیں گے۔

کھانا کھلانا انبیاءکی سنت ہے ، معاشرے کے نادار افراد کے لیے مفت کھانے کی فراہمی ایک عوامی فلاحی ریاست کے قیام اور سماجی مسائل حل کی جانب حکومت کا ایک انتہائی اہم قدم ہے  جو معاشرے کے محروم طبقات کو بنیادی ضروریات کی فراہمی ، غربت میں کمی ، معاشی و سماجی عدم استحکام کے خاتمے اور ایک مضبوط اور مستحکم معاشرے کے قیام کے حکومتی عزم کا عکاس ہے۔

اے  پی پی/سعیدہ /قرۃالعین