فیصل آباد،  22  مئی  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ اقتدار سنبھالتے وقت وزیراعظم عمران خان کو ملکی معیشت ڈیفالٹ کے دہانے پر ملی تھی مگر تحریک انصاف کی حکومت نے نیک نیتی سے دن رات محنت کرکے اپنے تین سالہ دور اقتدار میں معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا ہے،مشکلات کی شکار معیشت کو تحریکِ انصاف کی حکومت نے درست سمت پر گامزن کر دیا ہے۔

ہفتہ کی دوپہر نیشنل ہسپتال جناح کالونی فیصل آباد میں کووڈ19 وارڈ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کامیاب پالیسیوں کے باعث گزشتہ ایک سال میں پاکستانی معیشت کے حجم میں 33ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور معیشت کا حجم مالی سال 2020-21میں 263ارب سے بڑھ کر 296ارب ڈالر ہوگیاجبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک برآمدات بھی 25سے26بلین ڈالرز تک پہنچ جائیں گی۔