اسلام آباد،8جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مغرب  اسلامو فوبیا کا شکار ہے ، مسلمان ممالک  کو انتہا پسندی کا  طعنہ  دینے  والے   گریبان میں  جھانکیں ۔

کابینہ  اجلاس کے  بعد     میڈیا کو  بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ٹرین حادثہ اور کینیڈا میں اسلامو فوبیا کا شکار ہونے والی پاکستانی فیملی کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امت مسلمہ کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے بار بار اسلامو فوبیا سے دنیا کو پیش آنے والے نئے بحرانوں کی طرف توجہ دلائی، کینیڈا میں پیش آنے والا واقعہ وزیراعظم کے خدشات کی ایک اور شہادت ہے، ہم نے دیکھا ہے کہ کس طرح سے پاکستانی مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا، کینیڈا میں پاکستانی فیملی کو جس بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ایک بار پھر مغربی ممالک کی توجہ اس جانب دلانا چاہتے ہیں کہ مغرب میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا تدارک کیا جائے اور اس کی وجوہات پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا کے مسلم ممالک کو بنیاد پرستی کا طعنہ دینے والوں کو اپنے اندر جھانکنے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا مغربی معاشرت میں سرایت کر گیا ہے، بدقسمتی سے نفرت پر مبنی فلاسفی میں مسلمانوں کے خلاف ایک پورا منظر نامہ تبدیل ہو رہا ہے، اس پر ہمیں بہت فکر ہے، اسی لئے وزیراعظم ایک مرتبہ نہیں کئی بار بات کر چکے ہیں اور مغربی حکمرانوں اور قیادت کی اس جانب توجہ دلا چکے ہیں۔