اسلام آباد۔25مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی،اصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے،کورونا کے دوران وزیراعظم کے اقدامات سے معیشت بہتر ہو رہی ہے،دنیا نے تسلیم کیا کہ کورونا کے دوران پاکستان نے بہتر اقدامات اٹھائے اورمعاشی استحکام کے اثرات سب کو نظر آ رہے ہیں، ‏چاول، مکئی کی فصلوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا، وزیراعظم نے کمزور طبقے کیلئے اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ ‏پاکستان کی نصف آبادی زراعت سے منسلک ہے، کپاس کی فصل اچھی نہیں ہوئی، سب سے زیادہ پیداوار گندم کی فصل کی ہوئی ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اس سال دنیا کی بڑی معیشتیں مشکلات کا شکار تھیں، لیکن پاکستان میں چار میں سے تین فصلوں کی تاریخی پیداوار ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال ہمارے خطے اور مغرب سے موازنہ کر کے دیکھا جائے تو پاکستان میں کام بہتر ہوا ہے، پاکستان کی تاریخ کا ایسا پروگرام چلایا گیا جس سے لوگوں کی امداد ہوئی، 200 ارب روپے احساس پروگرام کے تحت لوگوں کو دیئے گئے۔ان کا کہنا تھا اسٹیٹ بینک نے بروقت کردار ادا کر کے بڑے فیصلے کیے، پاکستان دنیا کی نسبت کورونا کے باعث جلد مشکل سے نکلا، وزیراعظم نے ذاتی طور پر کنسٹرکشن کے کام کو لیڈ کیا۔انھوں نے کہا پاکستان میں چار میں سے تین فصلوں کی تاریخی پیداوار ہوئی، گندم، چاول اور مکئی کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔

اسد عمر نے کہاکہ سٹیٹ بینک نے کورونا کے دوران بہترین اقدامات اٹھائے،وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ کورونا کے دوران غریب طبقے کو بچا کر رکھنا ہے،بیرون ملک پاکستانی ریکارڈ ترسیلات زر ملک میں بھیج چکے ہیں۔