زیارت،1جون  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو خوشخبری دیتے ہیں کہ ملک بہت مشکل وقت سے نکل رہا ہے،  مخالفین  حکومت کی   معاشی   میدان میں   کا میابیاں  دیکھ  کر پریشان ہیں ، ہماری اگلی    حکومت  میں   پاکستان  اور  تیزی  سے   اوپر  جائیگا۔

وہ منگل کو قائداعظم ریذیڈنسی زیارت میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کیلئے خوشخبری ہے کہ ملک بہت مشکل وقت سے نکل رہا ہے، ہمارے مخالفین نے پہلے  شور مچانا شروع کر دیا کہ حکومت ناکام ہو گئی ہے، وہ چاہتے تھے یہ کامیاب نہ ہوں، انہیں خطرہ تھا کہ اگر یہ حکومت کامیاب ہو گئی تو ان کی سیاسی دکانیں بند ہو جائیں گی، اسی لئے انہوں نے معیشت کی تباہی، مہنگائی کا واویلا شروع کر دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شرح نمو 4 فیصد ہونے پر اپوزیشن شور مچا رہی ہے کہ یہ اعداد و شمار غلط ہیں، ان کی مشکلات پر ترس آتا ہے، وہ کبھی حکومت کے خاتمہ کیلئے تین ماہ کا وقت دیتے ہیں تو کبھی دسمبر کی تاریخ، مجھے خدشہ ہے کہ یہ ایک ساتھ بھی نہیں رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگلے سال شرح نمو میں مزید اضافہ ہو گا جبکہ اس کے بعد جو ہماری حکومت آئے گی اس میں مزید ترقی ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اختیار حاصل کرنے کے بعد یا تو اپنے لئے کچھ کر سکتا ہے یا پھر قوم کیلئے، میں نے لندن میں مہنگے علاقوں میں جائیدادیں بنانے کا نہیں سوچا، جن ممالک نے ترقی کی وہاں کے حکمرانوں نے اپنے ملک میں بیٹھ کر ملک کی خدمت کی، ان کی کوئی بیرون ملک جائیداد نہیں تھی، ان کے بچے باہر نہیں پڑھتے تھے، مہاتیر محمد اور سنگاپور کی مثال سب کے سامنے ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر ملک سے پیسہ چوری کرکے باہر لے جائیں اور سمجھیں کہ ملک ترقی کرے گا تو یہ ممکن نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس لئے ترقی کرے گا کہ اسے اﷲ نے ہر قسم کی نعمتیں دی ہیں، اس کا ہمیں خود بھی علم نہیں، ماضی میں حکمران چھٹیاں بھی باہر گزارتے تھے اس لئے انہیں اس کا احساس نہیں تھا۔