اسلام آباد ، 19 دسمبر (اے پی پی ): ممبر قومی اسمبلی ظل ہما  نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے عوام کی بہتری اور ترقی ضروری ہے۔ حکومت عوامی فلاح کو سب سے زیادہ ترجیح دیتی ہے ۔ تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر سب کو مل کر  عوام کی فلاح اور ان کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کرنا چاہیے ۔

جی ایٹ میں قائم احساس لنگر کے دورہ کے موقع پر اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے ظل ہما  نے  غربت کے خاتمے اور مستحق افراد کو خوراک و رہائش کی فراہمی کےلئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی سربراہی میں قائم کردہ احساس لنگر اور  پناہ گاہ کے قیام کو سراہتے  ہوئے  کہاکہ یہ اقدامات وزیر اعظم اور موجودہ حکومت کی غریب پرور سوچ کے عکاس ہیں۔

ممبر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام عوام کے احساس اور ان کی فلاح وبہبودکا پروجیکٹ ہے جس کے ذریعے صرف خوراک اور رہائش نہیں بلکہ صحت و تعلیم کے شعبے میں بھی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔احساس پروگرام جیسے اقدامات کے ذریعے معاشرہ بہتری کی جانب گامزن ہو رہا ہے ۔

وی این ایس ، اسلام آباد