اسلام آباد ، 19 دسمبر (اے پی پی ):  ممبران   قومی اسمبلی  ر خسانہ نوید ، شاہین سیف اللہ ، ظل ہما اور منورہ بلوچ نے آج پشاورموڑ اسلام آباد میں قائم  احساس لنگر کا دورہ کیا۔

اس موقع پر   انہوں  نے   حکومت کی جانب سے  غریب اور مستحق طبقے کو مفت کھانے کی فراہمی کے لیے    قائم   کردہ  لنگر میں   کھانے کی فراہمی ، ماحول اور  معیار کا جائزہ لیا اور لوگوں سے بات چیت بھی کی ۔

سیلانی ویلفئیر اور احساس پروگرام کے اشتراک سے قائم اس لنگر میں روزانہ   چھ سو سے آٹھ سو کے قریب   مستحق افراد کو دن میں دو مرتبہ   صاف ستھرے ماحول میں  معیاری   کھانا فراہم کیا جاتا ہے ۔موجودہ  حکومت نے  غربت مٹاؤ احساس پروگرام کے تحت پہلے فیز میں پورے ملک میں  112 لنگر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے بعد  اس لنگر کو ہر علاقے تک توسیع دی جائے گی ۔

معاشرے کے محروم اور مستحق افراد کو  بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی  ایک مضبوط اور  ترقی   یافتہ معاشرے  اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے ناگزیر ہے اور  اس سلسلے میں موجودہ حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں   جبکہ   ضرورت اس امر کی ہے   کہ  تمام سیاسی  اختلافات سے بالاتر ہو کر ہم مل کر   ملکی ترقی اور عوامی فلاح کے اقدامات میں    بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پاکستان اور ایک حقیقی   فلاحی   ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے میں اپنا کردار  ادا کریں۔

سورس : وی این ایس ،  اسلام  آباد