چترال، 09اگست(اے پی پی ): ملک کے دیگر حصوں کی طرح چترال میں بھی شجر کاری مہم  کا آغاز  کر دیا گیا  ، اس موقع پر چترا ل ائیرپورٹ  کے قریب  آٹھ ہزار پودے لگائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر چترال شجر کاری مہم   کے   مہمان خصوصی تھے جبکہ   مہم میں  ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، چترال سکاؤٹس کے ایکٹنگ کمانڈنٹ، پاک فوج کے  میجر ریاض، محکمہ جنگلی حیات اور گول نیشنل پارک کے ڈویژنل فارسٹ افسران، سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر شریف اللہ اور عمیر نواز کے علاوہ کثیر تعداد میں محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کے عملہ نے بھی شرکت کی۔

ڈویژنل فارسٹ آفیسر شوکت فیاض نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ چترا ل ائیرپورٹ   کے   علاوہ چار مزید مقامات پر ہم نے تیس ہزار پودے لگائے ہیں، ٹین بلین پلانٹیشین مہم میں  محکمہ جنگلات کے ذریعے 19 لاکھ پودے لگائیں گے جبکہ 22 لاکھ پودے لوگوں کو مفت فراہم کریں گے،  اس کے علاوہ 70 ہزار  پھلد ار پودے بھی لوگوں میں مفت تقسیم کریں گے جس میں پستہ اور بادام بھی شامل ہیں تاکہ لوگوں کو جنگلات کے ساتھ ساتھ پھلوں کے ذریعے آمدنی کا باعث ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم لوگوں کی مدد سے بلین ٹری سونامی افارسٹیشن  میں ہم پودے لگارہے ہیں اور چترال میں چالیس فی صد سے زیادہ پودے کامیاب ہیں۔

وی این ایس، چترال