اسلام آباد، 11 مئی (اے پی پی):باعزت طریقے سے ضرورت مندوں کی مدد کی قدیم ترک روایت کی پیروی کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں تندوروں پر نیکی کی ٹوکری رکھنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جہاں صاحب استطاعت لوگ روٹیاں رکھتے ہیں اور ضرورت مند لوگ بغیر کسی سے مانگے اپنی ضرورت کے مطابق مفت روٹیاں حاصل کرتے ہیں۔

اسلام آباد کے مضافاتی علاقے بنی گالہ میں ڈاکٹر رانا محمد اخلاق کشفی نے متعدد تندوروں پر ٹوکریاں رکھی ہیں جو مقامی غربا کے لئے غیبی امداد کا نمونہ بنتی جا رہی ہیں۔

اس حوالے سے ڈاکٹر اخلاق نے اے پی پی کو بتایا کہ نیکی کی ٹوکری ایسی سکیم ہے جسے چلانے کے لئے نہ بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے اور نہ ہی بہت زیادہ انتظامات کی، اپنے قریبی تندور پر ایک صاف ستھری ٹوکری رکھیں  اور تندور والے کو اعتماد میں لیں۔اس کے علاوہ  ایک چھوٹا سا اشتہار بھی لگایا جا سکتا ہے ۔

بنی گالہ میں ایسے ہی ایک تندور کے مالک سردار عظیم نے اے پی پی کو بتایا کہ لوگ خوشی سے ٹوکری میں دو چار روٹیاں ڈالتے ہیں، کئی بار روٹیاں زیادہ اور ضرورت مند کم پڑ جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں ہم روٹیاں فروخت کر کے پیسے رکھ لیتے ہیں اور ان پیسوں کو بعد میں استعمال کرتے ہیں تاکہ غریبوں کو تازہ روٹی ملے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے تندور میں نیکی کی ٹوکری سے پندرہ سو روپے سے زیادہ رقم جمع ہےجبکہ  اب لوگ روٹی کے ساتھ سالن بھی لانے لگے ہیں۔

ڈاکٹر اخلاق نے کہا کہ شروع میں،میں نے تندور والوں سے کہا کہ ٹوکری کو خالی نہ ہونے دیں اور اگر کوئی روٹی نہ ڈالے تو آپ میری طرف سے اس میں روٹیاں ڈالیں میں پیسے خود  دوں گا لیکن آج تک ایک مرتبہ بھی ٹوکری خالی نہیں ہوئی ہے۔

اے پی پی /احسان حقانی/قرۃالعین