چترال، 27 فروری(اے پی پی ):وادی کیلاش بریر میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ، علاقے کی خواتین اور بچوں نے پودے لگا کر  شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔فوڈ اینڈ ایگریکلچر  آرگنائزیشن کے چلغوزہ پراجیکٹ کے زیر اہتمام محکمہ جنگلات کی اشتراک لوگوں میں  دو ہزار پھل دار پودے مفت تقسیم کئے گئے۔

اس سلسلے میں کمیونٹی بیسڈ سکول بریر میں ایک تقریب  منعقد ہوئی  ۔  ایف اے او چلغوزہ پراجیکٹ کے صوبائی کو آرڈینیٹر اعجاز احمد نے پودے لگانے اور اس کی نگہداشت کی  ٹیکنیکل طریقے پر روشنی ڈالی کے کتنے فاصلے پر پودے لگانا چاہئے اور لگاتے وقت مٹی میں کیا ملانا چاہئے تاکہ یہ پودے ضائع  نہ ہو اور جلدی فروغ پاسکے۔

محکمہ جنگلات کے ایس ڈی ایف او عمیر نواز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگ زیادہ تر جنگل کی لکڑی استعمال کرتے ہیں تو ان پودوں سے ان کو ایک طرف اگر پھل ملتا ہے جسے فروخت  کر کے  رزق حلال کمایا  جا سکتا ہے تو دوسری طرف اس کی شاح تراشی کرکے ان کو جلا بھی سکتے ہیں۔

وادی بریر کے چلغوزہ فارسٹ پروٹیکشن اینڈ کنزرویشن کمیٹی کے صدر عنت بیگ کیلاش نے اس  موقع پر محکمہ جنگلات اور چلغوزہ پراجیکٹ کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس علاقے میں پھل دار پودے لوگوں میں مفت تقسیم کئے کیونکہ یہاں کے لوگ نہایت غریب ہیں اور وہ یہ پودے لگا کر اس کا میوہ بازار میں فروخت کرسکتے ہیں جس سے ان کے گھر کا چولہا جلتا رہے گا۔ اس تنظیم کے جنرل سیکرٹری شمس الربی  نے کہا کہ اس منصوبے سے اس علاقے کے لوگوں کی بھی قسمت بدلے گی اور لوگ پھل دار پودے لگا کر ان سے  خود بھی پھل کھائیں گے اور اسے فروخت کرکے گھر کا خرچہ بھی نکال سکتے  ہیں۔