اسلام آباد،02اکتوبر(اے پی پی ):پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار وحید مراد کی 81ویں سالگرہ پر گوگل نے اداکار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کے مداحوں کے ساتھ ڈوڈل بھی شیئر کیا۔2 اکتوبر 1938 کو کراچی میں پیدا ہونے والے وحید مراد کو ‘چاکلیٹی ہیرو’ اور ‘لیڈی کلر’ کے القاب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ساٹھ اور ستر کی دہائیوں کے معروف ہیرواداکار ہونے کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر اور لکھاری بھی تھے۔وحید مراد نے ایس ایم آرٹس کالج سے گریجویشن کرنے کے بعد کراچی یونیورسٹی سے ایم۔اے انگلش کیا اور فلم ‘اولاد’ سے فنی سفر کا آغاز کیا جس میں انہوں نے معاون کردار نبھایا تھا۔اس فلم کو ‘نگار ایوارڈ’ سے نوازا گیا تھا جبکہ وحید مراد کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔’ہیرا اور پتھر’ وحید مراد کی پہلی فلم تھی جس میں انہوں نے بطور مرکزی کردار کام کیا اور اس فلم کے لیے انہیں ‘نگار ایوارڈ’ بھی ملا۔1966 میں وحید مراد نے پہلی دفعہ اپنی پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ‘ارمان’ میں کام کیا۔ اس فلم نے باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔اس فلم کے مشہور ہونے والے گانوں میں ‘کو کو کورینا’، ‘اکیلے نہ جانا’، ‘بیتاب ہو ادھر تم’ اور ‘زندگی اپنی تھی اب تک’ شامل ہیں۔

سورس:  وی این ایس ،اسلام آباد