اسلام آباد،4جون  (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم انتخابات نہیں  بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے کام کر رہے ہیں،

جنوبی پنجاب عمران خان  کا قلعہ تھا ، ہے اور رہے گا،کسی کے وہم و گمان  میں نہیں تھاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ملازمتوں میں الگ کوٹہ ہو گا اور سرکاری شعبہ کا ترقیاتی پروگرام بھی الگ سے ہوگا، اس پر جنوبی پنجاب کے عوام کی جانب سے وزیر اعظم کے مشکور ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں لودھرا ں تا ملتان شاہراہ کی اپ گریڈیشن و بحالی کے منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا  کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے الگ صوبہ اور سیکرٹریٹ کے قیام سے پاکستان کا وفاق مستحکم ہو گا، آنے والی نسلیں اس سے مستفیدہوں گی، اس پر وزیر اعظم کا جنوبی پنجاب کےعوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لودھراں۔ ملتان موٹروے سے 3 شہر  اور4 انتخابی حلقے مستفیدہوں گے۔ یہ چاروں نشستیں تحریک انصاف نے حاصل کی ہیں،  جنوبی پنجاب عمران خان  کا قلعہ تھا ،  ہے اور رہے گا۔انہوں  نے کہا کہ  جنوبی پنجاب کےعوام کے لئے الگ صوبہ اور سیکرٹریٹ کاقیام معمولی نوعیت کا نہیں، ایسے کام دہائیوں میں بھی نہیں ہوتے۔ اس کام سے جہاں جنوبی پنجاب کے عوام کو بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے وہاں  پاکستان کی فیڈریشن مستحکم ہوگی، یہ پاکستان کی خدمت ہو گی ۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام ہماری آنے والی نسلوں کےلئے ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کا ورکر ہونے کے ناطے خوشی ہے کہ تحریک انصاف کے دور میں ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی کے وہم و گمان  میں نہیں تھاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ملازمتوں میں الگ کوٹہ ہو گا اور سرکاری شعبہ کا ترقیاتی پروگرام بھی الگ سے ہوگا۔ اس پر جنوبی پنجاب کے عوام کی جانب سے وزیر اعظم کے مشکور ہیں۔