لاہور۔6جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) مکمل طور پر خاموش ہو چکی ہے، حکومت کو اس سے کوئی خطرہ نہیں، وزیراعظم عمران خان اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہر شخص کا بلا امتیاز احتساب ہو گا ،ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، برآمدات 13.5 فیصد سے بڑھ کر 21.5 فیصد پر پہنچ گئی ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پٹرولیم مصنوعات کی ریکارڈ فروخت ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) والے بتائیں کہ اگر معیشت نہیں چل رہی تو پٹرولیم مصنوعات کون خرید رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملکی خزانہ بہت برے حالات میں چھوڑ کر گئی تھی جس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کی اتنی بری معاشی حالت پہلے کبھی نہیں تھی جس طرح مسلم لیگ (ن) کی حکومت چھوڑ کر گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور میں برآمدات کا حجم کم رہا، 18 ارب ڈالر کے غیر ملکی ذخائر کم ہو کر 9 ارب ڈالر پر آ گئے، بجلی گھر 30 فیصد زیادہ رقم پر لگائے گئے، زیادہ قرضہ لینے سے ملک دیوالیہ ہونے کے قرےب پہنچ گیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ملک کی معاشی حالت انتہائی ابتر تھی، وزیراعظم عمران خان کی انتھک محنت سے ملک کے معاشی حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں، صنعت کا پہیہ چل پڑا ہے، ملکی برآمدات ساڑھے تیرہ فیصد سے بڑھ کر ساڑھے 21 فیصد تک پہنچ چکی ہیں، کنسٹرکشن کیلئے مزدور نہیں مل رہے، فیصل آباد میں مزدور کی تنخواہ تین گنا ہو چکی ہے۔