لاہور، 20مئی  (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الحمد اللہ اس وقت عالم اسلام میں حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام نے فلسطینی عوام کے ساتھ جس انداز سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کر رہی ہے، اس پر فلسطینی عوام بھرپور محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں تھے تو وہاں پر بھی ان کی ساری توجہ اس بات پر تھی کہ مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے، اس کو روکنے کیلئے اقدامات ہونے چاہئیں۔ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ مل کر امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے ہر ذمہ داری پوری کرنے کے لئے تیار ہے۔ وزیراعظم کا وژن اور سوچ ہے کہ ہم امت مسلمہ کو ایک کریں کیونکہ کوئی ایک ملک ان مسائل پر اس طرح کوئی کردار ادا نہیں کر سکتا جس طرح پوری امت مل کر کردار ادا کر سکتی ہے۔ وزیراعظم پاکستان اسلامی ممالک کے سربراہان سے ہر سطح پر رابطے میں ہیں۔