اسلام آباد، 25 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے شہریوں کو گھروں کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جدید، عام اور منفرد موبائل ایپ کا اجراءکر دیا ہے۔ موبائل ایپ کے اجراءکا مقصد شہریوں کو سرکاری دفاتر میں لمبی قطاروں اور انتظار کی زحمت سے بچانا ہے، ایپ سے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے سامان کی عدم دستیابی کی شکایات بھی کی جا سکیں گی۔

 بدھ کو یہاں ایک تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے ایپ کا اجراءکیا۔ یہ ایپ اسلام آباد انتظامیہ اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے متعارف کرائی گئی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر حکام نے وزیراعظم کو موبائل ایپ سے متعلق بریفنگ دی۔ ایپ کے ذریعے 43 مختلف سہولیات شہریوں کو آن لائن فراہم کی جائیں گی جن میں اراضی، فرد، اسلحہ لائسنس، پیدائش و ڈیتھ سرٹیفکیٹ کا اجراء، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی، شناختی کارڈ، ڈومیسائل، ای پولیسنگ، ایمرجنسی سروسز جیسی بنیادی سہولیات ایپ میں شامل ہوں گی۔

ایپ سے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے سامان کی عدم دستیابی کی بھی شکایت کی جا سکے گی۔ ایپ مہنگے داموں ماسک بیچنے والے فارمیسی مالکان کے خلاف کارروائی میں مدد گار ثابت ہو گی۔ کورونا وائرس سے بچاﺅ کےلئے ماسک اور دیگر سامان فراہم نہ کرنے والی فارمیسیز کی تصاویر بھی ایپ پر فراہم کی جا سکتی ہیں۔ ایپ سے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے سامان کی عدم دستیابی کی شکایت بھی کی جا سکتی ہے۔

 اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موبائل ایپ سے شہریوں کی زندگی میں انقلاب آئے گا اور بنیادی ضروریات ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانا پڑتے ہیں، اسلام آباد میں یہ ایک آزمائشی پروگرام ہے جس کے بعد ملک کے باقی شہروں میں بھی اس کا اجراءکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے کوئی ملک ترقی کرتا ہے اس کے شہریوں کو بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آتی ہے، اس ایپ سے شہری لائنوں میں لگنے کی زحمت سے بچ سکیں گے اور پاکستان شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے والا ملک بن جائے گا۔

اے پی پی /ڈیسک/ھامد