اسلام آباد ،27 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان جوکشمیرمشن پر نیویارک میں ہیں،مقبوضہ کشمیرمیں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پردنیا کی توجہ مبذول کرانے کے لئے آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

 وزیر اعظم  تنازعہ کشمیر کے پُرامن حل کی تلاش کے لئے واضح پیغام دیں گے،وہ کشمیریوں کی حالت زاربھی اجاگرکریں گے جو لاک ڈاؤن کی مشکلات برداشت کررہے ہیں۔

اسی سلسلے میں حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے آج یوم کشمیر منانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا،یہ دن منانے کا مقصد مقبوضہ وادی میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بے نقاب کرنا اور عالمی برادری کی توجہ کشمیری عوام کی حالت زار کی جانب مبذول کراناہے۔

وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے احکامات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے آج ملک بھر میں یوم ی یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان آج اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں پوری دنیا کے سامنے کشمیر کے لئے آواز بلند کریں گے- اس مو قع پر ہمیں ایک ذمہ دار قوم کی حیثیت سے یکجا ہو کر اس ظلم کے خلاف کھڑا ہونا ہے-

وی این ایس،اسلام آباد