راولپنڈی،8جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف جغرافیائی لحاظ سے دنیا کے اہم ترین خطے میں واقع ہے بلکہ اس کے پاس دنیا کی بہترین مسلح افواج بھی ہیں اور سب سے بڑھ کر پاکستان میں اللہ کے نبی ﷺ کو ماننے والی ایک بہت بڑی فوج ہے،  وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم اس ملک کو ریاست مدینہ بنائیں گے اور یہاں اللہ کے نبی ﷺ کا جھنڈا بلند کریں گے ہماری خوش قسمتی اور سعادت ہے کہ عیدگاہ شریف جیسی عظیم خانقاہ اور پیر نقیب الرحمان جیسی راسخ العقیدہ شخصیت راولپنڈی میں ہیں ہم پیر نقیب الرحمان اور ان کے صاحبزادے کی قیادت میں پورے ملک میں نکلیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف راولپنڈی میں منعقدہ “عالمی یا رسول اللہ کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس سے وزیر اعظم کے مشیر برائے مذہبی امور علامہ طاہر اشرفی اور سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ  یہاں موجود عام عوام کا یہ مجمع صرف اپنے نبی پاک ﷺ کی محبت میں یہاں موجود ہے آج دنیا میں اللہ کے نبی اور قال قال رسول اللہ کاجو علم پیر نقیب الرحمان نے اٹھایا ہے یہ آخری نبی خاتم النبین ﷺکی محبت کا علم ہے کاجن کے بعد نبوت دروازے بند ہیں آج، دنیا میں جومعاملہ پیر نقیب الرحمن اٹھاکر نکل رہے ہیں،اور وہ نبی ﷺجوبے سرو سامانی کے عالم میں نکلے تھے آج ساری دنیا میں اللہ کے نبی کا جھنڈا بلند ہے۔

  انہوں نے کہا کہ جتنی مخلوق پیر نقیب الرحمان کی زیارت کے لئے آتی ہے سیاست دان اتنے بڑے مجمعے کو ترستے ہیں،اللہ نے چاہا تو ہم پیر نقیب اور انکے صاحبزادے کی قیادت میں پورے ملک میں نکلیں گے،اس قوم کو کھوٹے اور کھرے کی پہچان ہے تو اس لئے یہ آج یہاں جمع ہے یہ ہمارے راولپنڈی کا اعزاز ہے کہ عید گاہ شریف راولپنڈی میں ہے یہ راولپنڈی کی بہت بڑی سعادت اور ہماری خوش قسمتی ہے کہ پیر نقیب الرحمن ہمارے پیر ہیں۔