اسلام آباد، یکم اگست(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل  زلمے خلیل زاد نےجمعرات کو یہاں ملاقات کی ، ملاقات کے دوران افغان امن عمل میں ہونیوالی والی پیشرفت اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

 زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو دوحہ میں ہونیوالے امریکہ،طالبان امن مذاکرات کے ساتویں دور میں ہونیوالی پیش رفت  سمیت اپنے حالیہ دورہ ء کابل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دوحہ میں انٹرا افغان امن مذاکرات میں ہونیوالی پیش رفت اور دوحہ مذاکرات کے بعد جاری ہونیوالا مشترکہ اعلامیہ خوش آئند ہے، دوحہ مذاکرات میں افغان امن عمل کے حوالے سے بنیادی روڈ میپ سے تمام فریقین کا متفق ہونا بہت مثبت پیشرفت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام  اور دیرپا تعمیر و ترقی کیلئے انٹرا افغان مذاکرات سنگ میل ثابت ہوں گے۔ پاکستان ،افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت ، اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتے رہے گا۔

اے پی پی/ احسن/حامد