حیدرآباد،11 جون  (اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے سینئر  رہنما جام فاروق علی خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان کے لئے ایک بہت بڑا دن ہے، وزیراعظم عمران خان اور  بالخصوص پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پی ٹی آئی حکومت نے انتھک محنت سے 8 ہزار 487 ارب روپے کا جو بجٹ پیش کیا ہے، اس میں عام شہری، مزدور، ہاری، دیہاڑی دار طبقہ سب سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے گا۔

 جام فاروق علی خان نے کہا کے پاکستان میں جنگلات کی کٹائی کی وجہ سے ماحولیات پر خطرناک اثرات پڑے ہیں، وزیراعظم کے شجرکاری پروگرام پر عملدرآمد کے لئے بجٹ میں 14 ارب روپے رکھے گئے ہیں جس سے ملک میں بڑے پیمانے پر درخت لگ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کے موجود بجٹ میں وفاقی حکومت 28 سو ملین روپے این ایف سی ایوارڈ کے لئے رکھے ہیں تاکہ حکومت صوبوں کو ان کے اصل حقوق دے سکے۔ انہوں نے کہا کے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم عمران خان اینٹی ریپ اسکواڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے لئے ایک سو ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر  رہنما جام فاروق علی خان نے کہا کہ ملک کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ جو 20 ارب ڈالرز سے بھی زیادہ تھا، حکومتی کوششوں کی وجہ سے 800 ملین سرپلس ہے۔ موجودہ بجٹ میں حکومت اپنی گاڑی اسکیم متعارف کرائی ہے، جو میرے خیال میں اس بجٹ کی اہم اور دلچسپ بات ہے۔ جو لوگ اپنی گاڑی کا خواب رکھتے ہیں اور اپنے بچوں کو اپنی گاڑی مین سفر کروانے کے خواب رکھتے ہیں وہ اس اسکیم کے تحت آسان اقساط میں گاڑی لے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  زراعت ملک کا اہم شعبہ ہے، موجودہ حکومت بجٹ میں زرعی شعبے کے لئے 12 ارب روپے مختص کئے ہیں، جس میں سے ہر ہاری کو فی گھر ایک لاکھ روپے مل سکیں گے اور ٹریکٹر اسکیم کے تحت بھی دو لاکھ روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا گیا ہے جو عوام دوست ہونے کا  ثبوت ہے۔